بالی وڈ کی معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد کے واجد خان کا 42 سال کی عمر میں وائرس کی وجہ سے انتقال ہو گیا ہے۔
اس جوڑی نے سُپر سٹار سلمان خان کی فلم 'وانٹیڈ'، 'دبنگ' اور 'ایک تھا ٹائیگر' جیسی کامیاب فلموں کے لیے میوزک ترتیب دیا تھا۔
واجد خان کا سوموار کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال ہوا۔ بالی وڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے فیس بک پوسٹ میں اس کی تصدیق کی ہے۔
واجد خان کے بھائی ساجد خان نے بی بی سی سے منسلک صحافی مدھو پال کو بتایا کہ واجد خان کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے۔ ساجد واجد جوڑی نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز سنہ 1998 میں 'پیار کیا تو ڈارنا کیا' سے کیا تھا اور اس کے بعد انھوں نے سلمان خان کی فلموں میں موسیقی دینے کا سلسلہ مستقل جاری رکھا۔ سلمان خان کی جن فلموں میں اس جوڑی نے میوزک دیا ان میں 'گرو'، 'تیرے نام'، 'تم کو نہ بھول پائیں گے'، اور 'پارٹنر' جیسی فلمیں شامل ہیں سلمان خان پر فلمائے جانے والے گیت 'میرا ہی جلوہ' اور 'فیوی کول سے۔۔۔' کے ساتھ اکشے کمار کی فلم 'راؤڈی راٹھور' میں اکشے کمار پر فلمائے جانے والے گیت 'چنتا تا چتا چتا' جیسے مشہور گیتوں کو واجد خان نے ہی آواز دی تھی۔
انھوں نے حال ہی میں سلمان خان کے لیے 'پیار کرو نا' اور 'بھائی-بھائی' گانوں کے لیے میوزک تیار کیا تھا جسے سلمان خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر واجد خان کو بالی وڈ کے بہت سے ستارے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کے لواحقین کے لیے صبر اور ان کی روح کے لیے سکون کی دعائيں کر رہے ہیں۔
oh
ReplyDelete